اڈپی،23/ مئی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں پانی کی جو شدید قلت پیدا ہوئی ہے اس کا برا اثر اجرکاڈ میں واقع ضلع سرکاری اسپتال کے علاوہ شہر کے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے مریضوں پر بھی پڑا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اڈپی ضلع سرکاری اسپتال میں روزانہ 100 سے 130 مریض داخل رہتے ہیں اور 900 سے 1000 ہزار او پی ڈی میں آتے ہیں ۔ پانی کی قلت کی وجہ سے ان مریضوں کی ضرورتیں پورا کرنا ممکن نہیں ہو رہا ہے ۔ یہی حال مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا ہے۔
ضلع اسپتال کے لئے جس کنویں سے پانی پمپ کے ذریعے لایا جا رہا تھا وہاں پانی بہت ہی کم ہوگیا ہے ۔ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے لئ میونسپالٹی کی طرف سے تین دن میں ایک مرتبہ پانی فراہم کیا جاتا ہے جو کہ اسپتال کی روزانہ کی ضرورتیں پورا کرنے کے لئے کافی نہیں ہوتا ۔ اسی طرح ٹینکروں کے ذریعہ بھی پانی کی کمی پوری کرنے کی کوشش جاری ہے مگر ٹینکر والوں کے لئے بھی پانی حاصل کرنے کے جو ذرائع تھے وہاں پر پانی سوکھ گیا ہے اور وہاں سے بڑی مقدار میں پانی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے ۔ اس طرح شہر کے اسپتالوں میں پانی قلت سے پوری طرح نپٹنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔